لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر مملکت برائے توانائی مصدق ملک نے کہا ہے کہ شیریں مزاری کے خطوط "ہمیں بچاؤ" کی دہائی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری کے اقوام متحدہ کو خطوط پر ردعمل دیتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ڈاکٹر مزاری ایک طرف امریکہ کی سازش کا کہہ رہی ہیں، دوسری طرف اقوامِ متحدہ کو رحم کی اپیل کر رہی ہیں، امریکہ سازش کر رہا ہے اور یہ اقوام متحدہ کو درخواست دے رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ سیاست چمکانے کے لئے بیرون ملک خط لکھ رہے ہیں، پی ٹی آئی دوسروں پر فتوے باندھنے والی جماعت ہے، پی ٹی آئی لیڈر کس منہ سے اقوام متحدہ کو عرضیاں لکھ رہی ہیں؟۔
توہین مذہب مقدمات، شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے مندوبین کو خطوط لکھ دیئے
سیاسی مخالفین کیخلاف توہین مذہب کے قانون کا استعمال کرنے پر پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوبین کو خطوط لکھ دیئے۔
خطوط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کا ایک ذمہ دار رکن ملک ہے، ریاستی سطح پر عوام کے بنیادی جمہوری حقوق کا اہتمام حکومت کے بنیادی فرائض میں سے ایک ہے، امریکی سازش کے نتیجے میں بےضمیر مقامی میرجعفروں کی حکومت عوامی تائید سے مکمل محروم ہے۔ عوام میں ساکھ اور مقبولیت سے محرومی کے باعث امپورٹڈ حکومت فاشسٹ اقدامات سے اقتدار کا دوام چاہتی ہے۔
خطوط میں مزید کہا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا نامزد قاتل ریاستی سطح پر سیاسی مخالفین کیخلاف توہین مذہب کا کارڈ استعمال کررہا ہے،اس شرمناک حرکت کا مقصد ملک کو داخلی انتشار کی جانب دھکیلنا ہے۔