لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی لانگ مارچ کیلئے متحرک ہو گئی ، کارکنوں کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا، تحریک انصاف نے بیس لاکھ لوگوں کو اسلام آباد لے جانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ کارکن آج رات کو پرچم لے کر نکلیں اور لانگ مارچ کی ابتدا کریں جبکہ شفقت محمود نے کہا ہے کہ آج لاہور کے لبرٹی چوک میں عمران خان کی ہدایت پر احتجاج ہوگا۔ دوسری طرف پی ٹی آئی نے عید الفطرکے فوری بعد پنجاب میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غلامی نامنظور مارچ کے لئے تحریک انصاف پنجاب نے آرگنائزنگ کمیٹی بنا دی۔ شفقت محمود کنونئیر اورراجہ یاسر ہمایوں کو ڈپٹی کنونئیر مقرر کر دیا گیا۔
چیئرمین عمران خان نے عید الفطر کے فوری بعد پنجاب میں جلسوں کا اعلان کیا ہے، 6مئی کو میانوالی، 10مئی کو جہلم ، 12 مئی کو اٹک، 14مئی کو سیالکوٹ، 15 مئی کو فیصل آباد اور 19 مئی کو چکوال میں جلسہ عام ہو گا۔