پنجاب اسمبلی میں حملہ حمزہ نے کرایا، عثمان بزدار آج بھی وزیراعلی ہیں: پرویز الہی

Published On 28 April,2022 01:37 pm

لاہور: (لیاقت انصاری سے) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کا الیکشن ہوا ہی نہیں، عثمان بزدار آج بھی وزیراعلی ہیں، پنجاب اسمبلی میں حملہ شہباز اور حمزہ نے کروایا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے تحریک انصاف کے رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کوئی آئینی بحران نہیں۔ پنجاب اسمبلی میں پولیس نے سارا معاملہ خراب کیا اور ہماری خواتین ارکان پر حملہ کیا۔ خاتون رکن آسیہ امجد تاحال شدید زخمی اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کرانے کاحکم عدالت کا تھا جسے ہم سب نے مانا، شریف خاندان کو 6 مرتبہ اقتدار ملا اور یہ بدتر سے بدتر ہو کر سامنے آئے۔

اس موقع پر سابق وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ غیرآئینی، غیرمنتخب وزیراعلیٰ چاہتا ہے اقتدار اسے دے دیا جائے۔ یہ لوٹوں کے ووٹ سے وزارت اعلی حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ہمارے 26 لوگ لوٹے بن کر ان کے پاس گئے، یہ 26 لوگ مائنس کر دیں توان کے پاس کیا بچے گا؟ ابھی ان کے پاس اختیار نہیں تو دیکھ لیں کیا ہو رہا ہے۔ ہم نے ساڑھے 3 سال اسمبلی کے وقار میں اضافہ کیا۔