اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ملاقات ہوئی، بلاول بھٹو، خواجہ آصف اور سعد رفیق بھی موجود تھے، ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جمہوری استحکام اور سماجی بہبود کیلئے ملکر کام کرنے کا بھی اعادہ کیا گیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کی وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو وفاقی وزیر کے طور پر حلف لینے پر مبارک دی۔
ملاقات میں ملک میں جمہوریت کے استحکام اور سماجی بہبود کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سےصدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز اور رکن قومی اسمبلی جناب آصف علی زرداری کی ملاقات. وفاقی وزیر بلاول بھٹو زرداری , وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی شریک. pic.twitter.com/q2mY7rYJgx
— Prime Minister s Office (@PakPMO) April 27, 2022
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور جمہوری عمل کا تسلسل ہی ملکی ترقی کا راز ہے، باہمی تعاون سے جلد ملک کو درپیش چیلنجز پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔
قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری کے وفاقی وزیر کے حلف کے ساتھ ہی صدر مملکت عارف علوی سے ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، دونوں رہنماؤں کے درمیان آدھے گھنٹے سے زائد ملاقات رہی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور زیر بحث آئے، صدر مملکت کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو وفاقی وزیر کا عہدہ ملنے پر مبارکباد گئی۔