پی ٹی آئی کا 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان

Published On 24 April,2022 04:57 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ آج تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معاملات کا جائزہ لیا گیا، چیف الیکشن کمشنر نے جانبداری اور بد دیانتی کی انتہا کر دی ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ منصوبے کے تحت ابھی تک منحرف اراکین کی اسمبلی سیٹ ختم کرنے کی ڈیکلریشن نہیں کی جا رہی، لہٰذا تحریک انصاف 26 اپریل بروز منگل پورے ملک میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے الیکشن کمشنر کے روئیے کیخلاف احتجاج کرے گی، تحریک انصاف کی تمام ضلعی تنظیموں کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔