راولپنڈی:(دنیا نیوز) شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں نے فوجی قافلے پر حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 7 سپاہی فرض پر قربان ہوگئے جبکہ 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امن دشمنوں نے شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر حملہ کیا، جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ حملہ ناکام بناتے ہوئے 7 سپاہی شہید ہوگئے۔
شہدا میں 36 سالہ حوالدار طارق یوسف، 34 سالہ سپاہی سلمان وقاص،26 سالہ سپاہی جنیدعلی، 27 سالہ سپاہی اعجاز حسین، 24 سالہ سپاہی محمد جواد امیر، 25 سالہ سپاہی وقار احمد اور 23 سالہ سپاہی سید ارشد علی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے سید ارشد علی کا تعلق صحبت پور، محمد جواد امیر کا چکوال، وقار احمد کا میرپور خاص، اعجاز حسین کا خیرپور، جنید علی کا لیہ اور حوالدار طارق یوسف کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔