وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے استعفیٰ دے دیا

Published On 14 April,2022 05:04 pm

مظفر آباد:(دنیا نیوز) سردار عبدالقیوم نیازی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

تحریک انصاف کے 25 اراکین اسمبلی کی جانب سے اپنی ہی جماعت کے وزیراعظم کے خلاف قانون ساز اسمبلی میں جمع کرائی گئی عدم اعتماد کی قرار داد پر رائے شماری سے قبل استعفیٰ دیکر وزارت عظمیٰ کے امید وارسردار تنویرالیاس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔

خیال رہے کہ سردار عبدالقیوم نیازی نے آج صبح ہی اپنے چند وزرا کو وزارت سے نکال دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق وزرا کے وزارت سے نکالنے کے بعد اب وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو منظوری کے لئے ارسال کردیا ہے۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر سردارعبدالقیوم نیازی نے کہا کہ باوقار طریقے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا، میرٹ کی پامالی اور گڈ گورننس کا الزام لگایا گیا، پانچ لوگوں سے عمران خان کا جھوٹا لیٹر دکھا کر عدم اعتماد کی تحریک پردستخط کرائے گئے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ ریاست کی ایک پائی بھی کرپشن کی نذز نہیں ہونے دی، کشمیر کونسل کے انتخابات میں پیسہ استعمال کیا گیا، کشمیر کونسل کے ٹکٹوں میں رشوت پر لڑائی شروع ہوئی، پانچ لوگوں سے عمران خان کا جھوٹا لیٹر دکھا کرعدم اعتماد کی پردستخط کرائے گئے، جن لوگوں نے قرارداد پیش کی انکو کابینہ سے نکالا۔

انہوں نے مزید کہا کہ من گھڑت الزامات کیخلاف جنگ لڑی، عمران خان کو بتایا چھپ کر الزام عائد کیا، مجھے پہلے بتاتے تو میں پارٹی کی امانت عمران خان کے حوالے کرتا۔

سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ بیس سال بعد آزاد کشمیرمیں بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا، محکمانہ اصلاحات لائی گئیں، چلتی حکومت کیخلاف عدم اعتماد کیوں لائی گئی، مجھ پرچارج شیٹ میں الزام تک نہ ملا، منشور کے مطابق اداروں میں اصلاحات کیں، لبریل سیل سے کرپشن کا خاتمہ کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے 5 وزراء کو کابینہ سے فارغ کر دیا

قبل ازیں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے 5 وزراء کو کابینہ سے فارغ کر دیا۔ 

کابینہ سے فاروغ ہونے والوں میں سینئر وزیر تنویر الیاس، عبد الماجد خان، علی شان سونی، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم شامل ہیں۔ وزراء کو مس کنڈکٹ، بد عنوانی اور مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے ہٹایا گیا۔

خیال رہے گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی۔ سیکریٹری قانون ساز اسمبلی کے دفتر میں تحریک عدم اعتماد ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض، وزیر خوراک علی شان سونی اور پارلیمانی سیکریٹری بحالیات اکبر ابراہیم نے جمع کرائی۔

تحریک عدم اعتماد پی ٹی آئی کے 25 ارکان اسمبلی اور وزراء کے دستخطوں کے ساتھ جمع کرائی گئی۔ قانون ساز اسمبلی کے کل 53 ارکان میں سے پی ٹی آئی کے ارکان کی تعداد 31 ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر 14 روز کے اندر قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ ہوگی۔