اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئے اسپیکر کا انتخاب اور وفاقی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے اہم فیصلوں کا اعلان آج متوقع ہے۔ شہباز شریف نے منظوری کے لیے نام نواز شریف کو بھجوا دیئے۔ مسلم لیگ کا اصر ار ہے کہ پیپلز پارٹی اہم وزارتیں لیکر پوری طرح حکومت کا حصہ بنے تاہم پیپلز پارٹی اتحادیوں کو زیادہ سے زیادہ حصہ دینے کی حامی ہے۔
ذرائع کے مطابق نون لیگ کی جانب سے شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، سعد رفیق، ایاز صادق، رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف، احسن اقبال، خرم دستگیر اور رانا تنویر حسین کابینہ کا حصہ ہوں گے۔ وزارت اطلاعات کیلئے مریم اورنگزیب کو گرین سگنل دیدیا گیا ہے۔
مشیران اور معاونین خصوصی کے لیے محمد زبیر، ملک احمد خان، پرویز رشید، حنیف عباسی کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر کے لیے راجا پرویز اشرف کا نام آصف زرداری نے تجویز کیا ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری نوید قمر کو اسپیکر بنانا چاہتے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر کا عہدہ باپ کے خالد مگسی کو ملنے کا امکان ہے۔
مسلم لیگ کا اصرار ہے کہ پیپلز پارٹی اہم وزارتیں لیکر پوری طرح حکومت کا حصہ بنے تاہم پیپلز پارٹی اتحادیوں کو زیادہ سے زیادہ حصہ دینے کی حامی ہے۔ پیپلزپارٹی کو قانون، وزارت خارجہ، بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام اور دو صوبوں کی گورنر شپ سمیت چھ وزارتوں کی پیشکش کی گئی ہے۔ بی آئی ایس پی کیلئے شازیہ مری کا نام سر فہرست ہے جبکہ سنیٹر افنان اللہ اور فاروق ایچ نائیک کے نام بھی وزارتوں کیلئے زیر غور ہیں۔ ایم کیو ایم، جے یو آئی اوربی اے پی کو بھی وزارتیں دینے کیلئے مشاورت جاری ہے۔