اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم کی آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے ساتھ اہم بیٹھک، سیاسی صورتحال اور وزارتو ں کے حوالے سے مشاورت، شہبازشریف کی فضل الرحمان کے گھر آمد، حمایت پر شکریہ ادا کیا، وزیراعظم سے ایم کیوایم کے رہنماؤں، عوامی نیشنل پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وہ آج کراچی کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد شہبازشریف اتحادیوں سے ملنے جا پہنچے، پہلے پارلیمنٹ لاجز میں ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات کی اور کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان سمیت تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کرچلیں گے۔
بعد میں شہبازشریف نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی، وفاقی کابینہ کی تشکیل سمیت سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی، وہ مولانا فضل الرحمان کے گھر بھی گئے، ملاقات میں حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا، کابینہ کی تشکیل پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم نے بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر خالد مگسی، بی این پی مینگل کے سربراہ اخترمینگل سے بھی ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف آج کراچی کا ایک روزہ دورہ کریں گے
ادھر وزیراعظم شہباز شریف آج کراچی کا ایک روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ اتحادی جماعتوں کے سربراہان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دینگے۔
وزیراعظم شہبازشریف کے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد کے دورے کا بھی امکان ہے، وزیراعظم وزیراعلیٰ ہاؤس میں ترقیاتی منصوبوں کی حکمت عملی کے لیے مشاورتی عمل کی صدارت بھی کرینگے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مزار قائد کے دورے کا مقصد پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے قائد اعظم کے وضع کردہ سنہری اصولوں کی پیروی کا اعادہ کرنا ہے۔
دوسری جانب شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کا امکان ہے، بطور وزیراعظم ان کا کسی بھی ملک کا پہلا دورہ ہوگا جبکہ ان کا دورہ چین بھی جلد متوقع ہے۔
اسلام آباد پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک 5 دن میں میٹرو چلانے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک پانچ دن میں میٹرو چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے میٹرو بس چلانے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے میٹرو سروس پانچ روز میں چلانے کے انتظامات مکمل کریں۔
وزیر اعظم کی جانب سے سی ڈی اے، وزارت داخلہ، این ایچ اے کو میٹرو چلانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
خیال رہے کہ میٹرو پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک مسلم لیگ نون نے گزشتہ دور حکومت میں شروع کی تھی۔