سکیورٹی فورسز کا مشکئی میں آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک، 2 جوان وطن پر قربان

Published On 08 April,2022 02:16 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز کے بلوچستان کےعلاقے مشکئی میں آپریشن کے دوران دو جوان جام شہادت نوش کر گئے، جوابی فائرنگ سے 2 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن 7 اور 8 اپریل کی درمیانی رات سنگی میں کیا گیا، دہشتگردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر فائر کھول دیا جس کی زد میں آ کر میں دو جوان شہید جبکہ ایک افسر زخمی ہو گیا۔ جوابی فائرنگ سے 2 دہشت گرد مارے گئے۔

مارنے جانے والے دہشت گرد آواران اور مضافاتی علاقوں میں ملک دشمن کارروائیوں میں ملوث تھے،ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ شہید جوانوں میں نائیک تاج ولی اور سپاہی اسامہ شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز بلوچستان کی ترقی اور امن کو تباہ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔