ملک میں ایمرجنسی لگ رہی کہ نہیں مجھے نہیں معلوم: ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

Published On 31 March,2022 05:34 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ملک میں ایمرجنسی لگ رہی کہ نہیں مجھے نہیں معلوم۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم سوری نے کہا کہ جو بھی ہورہا غلط ہورہا، ہمیں معلوم ہے کن کے کہنے پر ہورہا، یہ جو مرضی کرلیں فتح عمران خان کی ہوگی۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان آخری بال تک کھلیں گے۔

واضح رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دھمکی آمیز خط توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، وزیراعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی اراکین اس معاملے کو پارلیمنٹ میں لانا چاہتے ہیں، تاہم اپوزیشن نے آج اجلاس کے دوران فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمانی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز خفیہ خط کے مندرجات سامنے آئے تھے جس میں بتایا گیا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کا مقصد عمران خان کو ہٹانا ہے ، وزیراعظم کی خارجہ پالیسی آزاد ہے جسے پسند نہیں کیا جارہا، اگر عدم اعتماد کامیاب ہوجاتی ہے تو پاکستان کے ساتھ معاملات بہتر ہوسکتے ہیں، بصورت دیگر مشکلات کے لئے تیار رہنا چاہیے۔