راولپنڈی:(دنیا نیوز) اقوام متحدہ امن مشن کانگو میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں افسران و جوانوں سمیت 8 اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق افریقی ملک کانگو میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پر پاک فوج کا پوما ہیلی کاپٹر نگرانی مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے میں پاک فوج کے 6 افسران و جوانوں سمیت امن مشن پر مامور 8 اہلکار شہید ہوگئے، شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل آصف، میجرسعد، معاون پائلٹ میجر فیضان علی، نائب صوبیدار سمیع اللہ خان، حوالدار محمد اسماعیل، کریو چیف محمد جمیل شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ایوی ایشن یونٹ اقوام متحدہ امن مشن کانگو میں 2011 سے تعینات ہیں، پاکستان نے ہمیشہ عالمی برادری میں ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، پاکستان یو این امن مشنز میں فروغ امن میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کر رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہمارے امن دستوں نے ہمیشہ چیلنجنگ ٹاسک انجام دیے، پاکستانی اہلکاروں نے لگن کیساتھ کام کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے بھی پیش کیے۔
وزیراعظم عمران خان کا اظہار افسوس
وزیراعظم عمران خان نے کانگو میں ہیلی کاپٹر حادثے میں فوجیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان کی عالمی امن کے لیے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
فواد چودھری
RIP Braveheart’s #CongoPlaneCrash pic.twitter.com/Pypf486W4d
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 29, 2022
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کانگو مشن حادثے میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا شہدا کو خراج عقیدت
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کانگو میں یو این امن مشن میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 6 افسروں و جوانوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے افسروں و جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس ہوا، پاک آرمی کے ایوی ایشن یونٹ کے افسروں و جوانوں نے اپنی قیمتی جانیں دے کر فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی، ڈیوٹی کے دوران کانگو میں شہادت کا رتبہ پانے والے افسروں اور جوانوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔