لاہور: (لیاقت انصاری) وزیراعلی پنجاب سردار عثما ن بزدار نے رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے 8ارب روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دیدی۔ رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ سے 100 روپے کم نرخ پر دستیاب ہوگا۔
حکومت پنجاب عوام کو رمضان پیکیج کے تحت سستے آٹے کی فراہمی پر تقریبا 4 ارب روپے کی سبسڈی دے گی، رمضان بازاروں میں چینی مارکیٹ سے 10 روپے فی کلو کم نرخ پر فراہم کی جائے گی، رمضان بازاروں میں 13 اشیائے خور و نوش 2021 کے ریٹ پر ملیں گی-
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ رمضان بازاروں میں چکن فی کلو 10 روپے کم اور انڈے فی درجن 5 روپے کم نرخ پر دستیاب ہوں گے- پنجاب بھر میں 317 رمضان بازار قائم کئے جارہے ہیں۔ رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپ قائم ہوں گی جہاں معیاری سبزیاں اور پھل مارکیٹ سے سستے داموں دستیاب ہوں گے-
عثمان بزدار نے واضح کیا کہ رمضان پیکیج کے ذریعے عام آدمی کو حقیقی ریلیف ملے گا۔ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کے لئے صوبائی وزراء کو ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی-
وزیراعلی نے رمضان پیکیج پر عملدرآمد کی خود نگرانی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رمضان پیکیج کے تحت حقداروں کو ان کا حق پہنچائیں گے۔