لاہور: (دنیا نیوز) ترین گروپ کو منانے اور مائنس عثمان بزدار کے مطالبے سےدستبردار کرانے کے لیے حکومتی ٹیم میدان میں آگئی، ترین گروپ سے حکومتی ٹیم نے ایک اورملاقات کی، دوران میٹنگ وفاقی وزیر پرویزخٹک سے بھی فون پررابطہ کرایا گیا۔
ملاقات کے دوران ترین گروپ کے تحفظات اور دیگرمعاملات کا جائزہ لیا گیا، ترقیاتی منصوبوں کے لیے فوری فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ڈاکٹر مراد راس نے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پرویز خٹک سے بھی رابطہ کرایا ، حکومتی اراکین نے ترین گروپ کے ارکان کو مائنس بزدار کے مطالبے سے دستبردار ہونے کی درخواست کی۔
ترین گروپ کے ارکان کا موقف تھا کہ جہانگیر ترین اور دوسرے اراکین سے مشورے کے بغیر وہ کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے، ترین گروپ اور حکومتی ٹیم کے درمیان اڑتالیس گھنٹوں میں ایک اور ملاقات کرنے پربھی اتفاق کیاگیا ہے۔