لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقعہ شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی کے باعث کروڑوں روپے کا سامان جل گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے سات گھنٹے بعد جزوی طور پر آگ پر قابو پالیا تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔
لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقعہ شاپنگ سینٹر میں خوفناک آگ رات گئے لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پلازے کو لپیٹ میں لے لیا۔ شاپنگ سینٹر میں تقریباً 400 دکانیں اور راہداریوں میں لاتعداد کاؤنٹرز تھے۔ زیادہ تر دکانیں موبائل فونز، الیکٹرانکس اور ریڈیمیڈ گارمنٹس کی تھیں۔ آگ لگنے سے شعلے آسمان تک بلند ہوتے رہے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ کی 25 گاڑیوں اور 60 اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ پولیس نے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالنے پر پلازے کے سکیورٹی انچارج اور ملازم کو حراست میں لے لیا۔ تاجروں نے آگ لگنے کا ذمہ دار انتظامیہ کو قرار دے دیا۔
ادھر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے گلبرگ کے پلازے میں آتشزدگی کے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا اور کہا کہ آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے، آتشزدگی کی وجوہات کا تعین کیا جائے، کمشنر لاہور اور ڈی جی ریسکیو 1122 امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں۔