پارلیمنٹ لاجز واقعہ، جے یو آئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے

Published On 10 March,2022 11:44 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) مولانا فضل الرحمان کی احتجاج کی کال پر پارلیمنٹ لاجز واقعہ کے خلاف مختلف شہروں میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے۔

تفصیلات کے مطابق جے یو آئی  کے کارکنان کی جانب سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، خضدار، نوشہرو فیروز سمیت دیگر کئی مقامات پر دھرنے دیئے گئے، حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی جبکہ پاک ایران اور پاک افغان شاہرات بھی بند کر دی گئیں۔

دوسری جانب بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے منان چوک پر جمعیت کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسلام آباد واقعہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

کوئٹہ کے علاوہ خضدار، مستونگ اور کچلاک میں بھی جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے دھرنا دیا۔

بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسلام آباد واقعہ کے بعد کارکنان میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے، جس پر وہ احتجاج کر رہے ہیں، مرکزی قائدین کے فیصلے کے بعد صوبے بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔
انصار الاسلام کیخلاف آپریشن، مولانا فضل الرحمان کا گرفتاری دینے کا اعلان

قبل ازیں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے انصار الاسلام کے خلاف پولیس کا آپریشن شروع ہونے کے بعد گرفتاری دینے کا اعلان کردیا ہے۔

پارلیمنٹ لاجز میں جے یو آئی کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے خلاف پولیس کی جانب سے کئے جانے والے آپریشن کے بعد مولانا فضل الرحمان پارلیمنٹ لاجز پہنچے، اس دوران اپنی گرفتاری دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان اسلام آباد پہنچیں، ہم خود گرفتاری دینگے، اگر پی ڈی ایم کے کسی ایم این اے کو گرفتار کیا گیا تو ہم بھی گرفتاریاں دینگے۔

بعدازاں مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کسی بندے کے پاس اسلحہ نہیں تھا، انہوں نے لاجز پردھاوا بولا ہے، پی ڈی ایم کے سربراہ کی حیثیت سے یہاں پہنچا ہوں، کارکن تمام شہروں میں روڈ بند کردیں، ہم آپ کے ساتھ میدان میں لڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاعات تھیں کہ آج کے واقعے کی تصدیق ہو رہی ہے اور ہمارے ایم این ایز کو گرفتار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں طبل جنگ بجا رہا ہوں اور ان کے خلاف اعلان جنگ کر رہا ہوں، ہر پارٹی کے ورکر کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہوسکے تو اسلام آباد پہنچے اور اگر وہ نہیں پہنچ سکتے تو اپنے اپنے علاقوں میں مرکزی شاہراہیں بند کر دیں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ یہ حکومت آخری سانسوں پر ہے، ایم این اے صلاح الدین ایوبی کو کسی وارنٹ کے بغیر گرفتار کیا گیا، ثابت ہوگیا حکومت ہمارے ارکان کواغوا کرنا چاہتی تھی۔