اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ریکوزیشن جمع کروانے کے بعد اپوزیشن رہنما حکومتی اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کرنے لگے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ لاجز میں سیاسی جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا ہے، حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں جانے والے ندیم افضل چن اور پی پی رہنما نیئر بخاری نے حکومتی اراکین اسمبلی نواب شیر وسیر اور نور عالم خان سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور عدم اعتماد کی تحریک پر مشاورت کی گئی جبکہ پیپلز پارٹی رہنماوں نے حکومتی ارکان سے تحریک عدم اعتماد پر حمایت کی درخواست کی۔
اُدھر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما روحیل اصغر اور شیخ فیاض الدین نے بھی رکن قومی اسمبلی ریاض مزاری، راجہ ریاض اور امجد فاروق کھوسہ سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات ریاض مزاری کے پارلیمنٹ لاجز والے گھر پر ہوئی ہے، اس دوران لیگی رہنماؤں نے بھی حکومتی ارکان سے حمایت کی درخواست کی۔