کراچی:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب اپنے لوگوں سے بھی مل لیں۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ کراچی اور ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات پر شکوہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے اپنے ہی ایم این اے عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب اپنے لوگوں سے بھی مل لیں، ایم کیو ایم والے 6 ہیں اور ہم 14 ہیں، آپ مجھ سے تو ملنا ہی نہیں چاہتے شاید۔
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے ووٹ ڈالنے والا کراچی کا ایک فالتو ایم این اے سمجھ رکھا ہے، اب اسلام آباد ہی میں ملیں گے، ان شا اللہ۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرادی گئی تھی جس کے بعد ملکی سیاست میں ہلچل مچی ہوئی ہے اور اسی تناظر میں وزیراعظم کی آج ایم کیو ایم رہنماؤں سے کراچی میں ملاقات بھی ہوئی تھی۔