دہشتگردی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ شدت پسندی ہے: فواد چودھری

Published On 05 March,2022 11:58 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے سب سے بڑی وجہ شدت پسندی ہے، شدت پسندی کو دشمن ہتھیار بنالیتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شدت پسندی منبر، اسکول اور تھانہ کے کردار ادا نہ کرنے کا نتیجہ ہے، شدت پسندی کیخلاف بڑے اقدامات کرنے میں پارلیمان اور عدلیہ کا تعاون ناگزیر ہے۔

دوسری جانب پشاور کے قصہ خوانی بازار کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں گزشتہ روز ہونے والے خود کش حملہ کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کی شناخت مکمل کرلی گئی جبکہ دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ خود کش حملہ آور اور دو سہولت کاروں کے اسکیچز مکمل کر لیے گئےہیں۔

تفتیشی ٹیم کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے اعضاء کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ میں ملوث مکمل گروپ کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر دیا گیا۔ ایف آئی آر میں قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل ہیں۔

خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 30 سے زائد افراد کی اجتماعی نماز جنازہ گزشتہ شب جبکہ 10 افراد کی نماز جنازہ آج کوہاٹی میں ادا کی گئی۔ نمازجنازہ کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے۔

خیال رہے گزشتہ روز پشاور کے قصہ خوانی بازار میں جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے میں 56 افراد شہید جبکہ 194 زخمی ہوئے، شہدا میں دو پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، دھماکے میں 5 سے 6 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے مسجد کے گیٹ پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، حملے کا پیشگی تھریٹ نہیں تھا، دہشتگردی میں پانچ سے چھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے منبر کے سامنے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔