عمران خان استعفیٰ دیکر فوری الیکشن کا اعلان کریں: بلاول

Published On 01 March,2022 10:41 pm

سکھر: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیکر چلے جاؤ اور سیاست سے ریٹائر ہوجاؤ یا پھر فوری الیکشن کا اعلان کریں۔

بلاول نے سکھر میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے لیے پیغام ہے کہ ہم اسلام آباد آرہے ہیں اور ان کو دو آپشن دیتے ہیں ، پہلا استعفیٰ دیکر چلے جاؤ اور سیاست سے ریٹائر ہوجاؤ یا پھر دوسرا آپشن فوری الیکشن کا اعلان کرو اور ہمارا مقابلہ کرو۔ اب اپوزیشن کی تمام جماعتیں عدم اعتماد کے لیے قائل ہیں اور عمران خان کو ہمارے جیالے بھگائیں گے کیوں کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو ہم نہیں مانتے ہیں اور جب سے اس سلیکٹڈ کو لایا گیا ہے اس کو ہم پہلے دن سے نہیں مانتے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ سکھر پہنچ گیا ہے ، سکھر میں ہمارا تاریخی استقبال ہوا ہے جب کہ احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے تاہم ہم اپنے جیالوں کو کبھی پی ٹی وی پر حملہ کرنے کا نہیں کہیں گے۔

لانگ مارچ قافلے سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کی صدارت میں لانگ مارچ اسلام آباد جائے گا، اس نااہل سلیکٹڈ وزیراعظم کو نکال باہر کریں گے اور بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائیں گے۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ آج میں اپنے محبوب چیئرمین کو سکھر آنے پر خوش آمدید کہتا ہوں ، بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بن کر آپکی خدمت کریں گے۔

خیر پور میں مارچ سے خطاب 

خیرپور میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ وفاقی حکومت کہتی ہے کہ صحت کارڈ پر 10 لاکھ تک کا علاج مفت ہے لیکن خان صاحب! سندھ میں صحت کی سہولتیں پہلے سے ہی مفت ہیں۔ اس وقت ملک مشکل میں ہے، معاشی بحران ہے، ہر شخص پریشان ہے اور نوجوان بیروزگارہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پیغام بھیجا ہے کہ گو عمران گو۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں عوام مجھے مایوس نہیں کرے گی۔

بلاول بھٹو نے استفسار کیا کہ کیا ایسا نیا پاکستان پسند ہے؟ انہوں نے شرکا سے پوچھا کہ کیا آپ کو یہ نیا پاکستان منظور ہے؟ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عام آدمی کی آواز بنی ہے اور شہید بے نظیر نے ہمیشہ غریب عوام کے لیے آواز بلند کی۔ پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا، نوجوانوں کو روزگار دیا اور بزرگوں کو کبھی بھی لاوارث نہیں چھوڑا۔

بلاول بھٹو نے شرکا سے پوچھا کہ ایک کروڑ نوکریوں میں سے آپ کو کتنا روزگار ملا؟ 50 لاکھ گھروں میں سے کتنے گھر آپ کو ملے؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر بات پر یوٹرن لیا، اب حساب لینے کا وقت آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خانے عوام کو لاوارث چھوڑ کر مہنگائی میں اضافہ کیا۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ آصف زرداری جب حکومت میں تھے تو پوری دنیا میں معاشی بحران تھا لیکن صدر زرداری نے بزرگوں کو لاوارث نہیں چھوڑا کیونکہ عوامی نمائندے عوام کا دکھ درد سمجھتے ہیں۔ ملک کا وزیراعظم گھبرا گیا ہے، جبھی دو دن کے مارچ میں پیٹرول کی قیمت 10 روپے اور بجلی کی قیمت 5 روپے کم کردی ہے تو سوچیں اسلام آباد پہنچنے کے بعد پٹرول اور بجلی کی قیمت کتنی کم ہوسکتی ہے؟

مورو میں خطاب 

بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ چھین رہا ہے کپتان، روٹی ، کپڑا اور مکان، اس وقت بجلی، گیس، پٹرول سمیت ہر چیز کی قیمت آسمان پر ہے، یہ نیا پاکستان نہیں، مہنگا پاکستان ہے، پٹرول بارہ روپے مہنگا کر کے دس روپے کم کرنا بے وقوف بنانے کی کوشش ہے، عوامی مارچ کی وجہ سے حکمران گھبرا گئے، اب ان کا پتلی تماشا نہیں چلے گا، صرف تیر چلے گا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مورو میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مارچ کی وجہ سے کپتان گھبرا گیا، پٹرول کی قیمت 10 روپے کم ہوگئی، یہ کیا سمجھتے ہیں، ان کے ڈرامے ہمیں نظر نہیں آتے ؟ انہوں نے آتے ہی سب سے پہلا ڈاکا کسانوں اور زمینداروں پر مارا، پانی کی تقسیم میں نا انصافی کر کے نقصان پہنچایا گیا، کبھی عدالت پر حملہ، کبھی سیاسی مخالف کو جیل بھیجا جاتا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ملک کا سربراہ ٹی وی پر آکر رونا شروع ہوگیا، عمران خان نے قوم سے خطاب میں میڈیا کی تنقید پر رونا شروع کر دیا، آپ اتنے ڈرپوک ہیں کہ آصف زرداری کے انٹرویو کو نشر ہونے سے روکا، آپ کو اندازہ ہی نہیں پروپیگنڈا کیا ہوتا ہے، ان میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں، کرسی پر مسلط کیا گیا شخص عوام کا نہیں سوچتا، نیا پاکستان کا اصل چہرہ غربت، مہنگائی، بےروزگاری ہے۔