حکومت کیخلاف لانگ مارچ: پیپلزپارٹی کی تیاریاں فائنل راؤنڈ میں داخل

Published On 25 February,2022 11:04 am

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کے خلاف پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کی تیاریاں فائنل راؤنڈ میں داخل ہوگئیں۔ شہر قائد پارٹی جھنڈوں، بینرز اور بل بورڈز سے سج گیا۔

وفاقی حکومت کی پالیسیوں، بیروزگاری اور مہنگائی کے خلاف پیپلز پارٹی نے طبل جنگ بجا دیا۔ ضلعی صدور مارچ کی کامیابی کیلئے متحرک ہوگئے ہیں، کارکنوں کیلئے بھی کنٹینر بنائے جا رہے ہیں۔ مختلف اضلاع میں رات میں جلسے دن میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ شاہراہ فیصل، شاہراہ پاکستان، شاہراہ قائدین سمیت پورے شہر میں پیپلزپارٹی جھنڈوں کی بہار ہے۔ پیپلزپارٹی کراچی کے صدر سعید غنی کا کہنا ہے کہ آج بلاول ہاؤس سے مزار قائد تک ریلی نکالی جائےگی۔

پیپلزپارٹی رہنماؤں کے مطابق حکومت مخالف مارچ عوام دشمن پالیسیوں اور معاشی بدحالی سے نجات دلائے گا۔