قومی سلامتی کے لیے پرعزم ہیں، 27 فروری کو بھارت کو ثابت کر کے دکھا دیا: وزیراعظم

Published On 27 February,2022 12:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک اور اپنی قوم کی سلامتی کے لیے پرعزم اور غیر متزلزل ہیں، 27 فروری 2019 کو بھارت کو ثابت کرکے دکھایا۔ مذاکرات کو کبھی بھی کمزوری کی علامت نہیں سمجھنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتے ہیں، مذاکرات کو کبھی بھی کمزوری کی علامت نہیں سمجھنا چاہیے، ہم نے 27 فروری 2019 کو بھارت کو ثابت کرکے دکھایا جب اس نے حملے کا انتخاب کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے ہماری مسلح افواج ہر سطح پر جارحیت کا جواب دیں گی اور غالب آئیں گی۔

 

یاد رہے کہ تین سال قبل 27 فروری کو پاکستان کے جری ہوابازوں نے بھارت کے نام نہاد سورماوں کو چھٹی کا دودھ یاد دلا کر تاریخ رقم کی تھی۔ دو بھارتی جنگی جہاز زمین بوس ہوئے جبکہ بھارتی ہوا باز ابھینندن گرفتار کر لیا گیا تھا، اس معرکے سے منسوب پاک فضائیہ کی جنگی گیلری آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں ابھینندن کے زیراستعمال یونیفارم اور جنگی ہوابازی میں استعمال ہونے والا سامان دشمن کی پسپائی کی داستان سنا رہا ہے۔

گیلری کی ایک دیوار پر ابھینندن کے طیارے کو مارگرانے والے ونگ کمانڈر نعمان علی خان، بھارت کے دوسرے جہاز کو مارگرانے والے سکوارڈن لیڈر حسن صدیقی جبکہ بھارت کے خلاف اہم مشن میں شامل گروپ کیپٹن فہیم خان کی تصاویر آویزاں ہیں۔

ستائس فروری کو پاک فضائیہ کی جرات کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، پاکستان اور بھارت کے مابین جنگوں کے دوران پاکستان ائیرفورس کی جانب سے دشمن ملک کے ہوابازوں کوناکوں چنے چبوانے اورانھیں کاری ضرب لگانے کی داستانیں بکھری پڑی ہیں۔