عدم اعتماد میں ایسے ایسے چہرے دیکھیں گے کہ یہ پریشان ہو جائیں گے: یوسف رضا گیلانی

Published On 25 February,2022 06:09 pm

ملتان: (دنیا نیوز) سینٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم عدم اعتماد کریں گے جس کی ابتداء لانگ مارچ سے کر رہے ہیں، عدم اعتماد میں ایسے ایسے چہرے دیکھیں گے کہ یہ پریشان ہو جائیں گے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی بوکھلاہٹ سے ہم کامیاب ہو گئے ہیں۔ سندھ میں گورنر راج کی کوئی ضرورت نہیں، یہ سندھ میں مارچ کی بات کر رہے ہیں جبکہ ہم کسی ایک صوبے تک محدود نہیں، ہم ملک گیر مارچ کے ذریعے عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ہمارے ایجنڈے پر اپوزیشن ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کر سکی، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکومت کے خلاف لانگ مارچ چاہتے ہیں۔ جو حکومت اپنے منشور پر عملدرامد نہ کرا سکے اس کی گیم ختم ہو جاتی ہے۔ اسی لئے ہم نے ملک گیر کال دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم 27 فروری کو عوامی مارچ کر رہے ہیں، 2 مارچ کو عوامی مارچ صادق آباد جبکہ 3 مارچ کو ملتان پہنچے گا۔ پیکا ایکٹ کے خلاف ہم نے سینٹ میں آواز اٹھائی، آرڈیننس کے ذریعے اس قسم کے کالے قوانین کو مسترد کرتے ہیں۔ ہمارے تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات جاری ہیں، پیپلزپارٹی کے سیلاب کے سامنے کوئی کھڑا نہیں ہو سکے گا۔ بلاول بھٹو زرداری کا ملتان میں فقید المثال استقبال کریں گے، ملتان کی عوام ثابت کرے گی کہ ملتان کس کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرائن تنازعے میں ہمیں بیلنس پالیسی اختیار کرنی چاہئے۔