رکن قومی اسمبلی خیال زمان انتقال کر گئے، وزیراعظم و دیگر کا اظہار افسوس

Published On 14 February,2022 07:28 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے گیس اینڈ پٹرولیم حاجی خیال زمان انتقال کر گئے۔ وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

ہنگو سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی حاجی خیال زمان کینسر کے باعث خالق حقیقی سے جاملے جن کی نمازہ جنازہ کل 2 بجے اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی این اے 33 ہنگو سے منتخب ہوئے تھے ، انہوں نے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار عتیق الرحمان کو شکست دی تھی۔

وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنے رکنِ قومی اسمبلی حاجی خیال زمان کی رحلت کے بارے میں جان کر بے حد افسردہ ہوں، میں انکےعزم و استقامت سے اس وقت نہایت متاثر ہوا جب شدید علالت کے باوجود انہوں نے قومی اسمبلی کےاجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اہم ترین رائےشماری میں حصہ لیا، میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہل خانہ کیساتھ ہیں۔

اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی حاجی خیال زمان کی رحلت پر مرکزی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی و وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی جانب سے گہرے رنج کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حاجی خیال زمان پارلیمانی پارٹی کا متحرک حصہ، جماعت کا اثاثہ تھے، جماعت کے ساتھ اپنی وابستگی کے دوران انہوں نے نظم کی اطاعت کی مثال قائم کی، سیاسی جدوجہد کے ہر مرحلے پر وہ بڑھ چڑھ کر تحریکی سرگرمیوں کا حصہ بنتے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک و جماعت کیلئے انکی خدمات بے مثل ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، رنج کے ان لمحات میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ پاک ہمارے مرحوم ساتھی کو جنت الفردوس جگہ اور انکے اہل خانہ کو صبرِ جمیل دے۔

فرخ حبیب

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‏پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی خیال زمان کے انتقال پر بہت دکھ ہوا، اللہ تعالی انکی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے،آمین۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل خیال زمان شدید علالت میں بھی قومی اسمبلی میں اپنا ووٹ ڈالنے آئے تھے، انکی وفاداری اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔