شہزاد اکبر کے کام کی رپورٹس دینے والوں کی چھٹی ہونی چاہیے: زلفی بخاری

Published On 07 February,2022 04:26 pm

لندن: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست اور سابق معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ سابق مشیر اور احتساب شہزاد اکبر کے زبردست کام کی رپورٹس وزیراعظم کو پیش کرنے والوں کی بھی چھٹی ہونی چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو میں زلفی بخاری نے سابق مشیر داخلہ اور احتساب شہزاد اکبر کو داد دینے والوں کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے بعض لوگوں نے ساڑھے 3 سال سب اچھا کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی، ان کے زبردست کام کی رپورٹس وزیراعظم کو پیش کرنے والوں کی بھی چھٹی ہونی چاہیے، صرف شہزاد اکبر کو احتساب کی ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں ہوگا، قریبی ایڈوائزر بھی درست کام نہ کرے تو عمران خان ایکشن لینے میں دیر نہیں لگاتے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے احتساب کے عمل میں ناکامی پر شہزاد اکبر کو ہٹایا گیا، شہزاد اکبر کی احتساب میں ناکامی کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ شائد انہیں خود سسٹم کی سمجھ نہیں تھی، ان کی ٹیم اچھی نہیں تھی یا پھر وہ اچھے قانون دان ہی نہیں، لوگوں کو ہم سے توقعات تھیں ہم لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے، پیسہ نہیں تو کم از کم سابق وزیراعظم نواز شریف کو واپس لانے میں کامیاب ہونگے لیکن شہزاد اکبر صحیح طرح سنبھال نہیں سکے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی نے کہا کہ عدالتی اصلاحات کا بروقت نہ ہونا ہماری کمزوری ہے، جسے تسلیم کرتے ہیں، ایسٹس ریکوری کے نئے سربراہ سے توقع ہے کہ وہ احتساب کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔