وزیراعظم اور ابوظہبی کے ولی عہد کا ٹیلیفونک رابطہ، حوثیوں کے میزائل حملے کی مذمت

Published On 02 February,2022 05:09 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے خلاف حوثیوں کی جانب سے میزائل حملے کی حالیہ کوشش کی شدید مذمت کی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم اور ابوظہبی کے ولی عہد کے ٹیلیفونک رابطے میں عمران خان نے متحدہ عرب امارات کے بروقت اور موثر فضائی دفاعی ردعمل کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حوثی باغیوں کے میزائل حملوں میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔

انہوں نے مذاکرات کے ذریعے علاقائی امن و سلامتی کی کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ٹیلیفونک رابطے میں وزیراعظم عمران خان اور ابوظہبی کے ولی عہد نے اعلیٰ سطح پر روابط جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔