ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا بڑا اقدام، عوام اب گھر پر خود ہی کورونا ٹیسٹ کرسکیں گے

Published On 02 February,2022 02:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا بڑا اقدام، عوام کو کورونا ٹیسٹ کرانے کے لیے اسپتالوں، سینٹروں سے نجات، اب گھر بیٹھ کر خود ہی ٹیسٹ کرسکیں گے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق عوام کو اپنا کورونا ٹیسٹ کے لیے  اوور دی کاؤنٹر  کٹ فروخت کی اجازت ہوگی، میڈیکل اسٹورز اور فارمیسز پر کورونا ٹیسٹ کٹ دستیاب ہوگی، اب شہری گھر پر ہی کورونا ٹیسٹ کرسکیں گے۔

دوسری جانب ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ آٹھ آٹھ پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 29 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 330 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 36 ہزار 413 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 47 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 82 ہزار 316، سندھ میں 5 لاکھ 44 ہزار 722، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 96 ہزار 328، بلوچستان میں 34 ہزار 501، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 737، اسلام آباد میں ایک لاکھ 29 ہزار 4 جبکہ آزاد کشمیر میں 38 ہزار 805 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 51 لاکھ 34 ہزار 775 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 61 ہزار 190 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 13 لاکھ 4 ہزار 980 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 559 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 29 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 330 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 185، سندھ میں 7 ہزار 840، خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 9، اسلام آباد میں 982، بلوچستان میں 368، گلگت بلتستان میں 188 اور آزاد کشمیر میں 758 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔