لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے آج عوام سے گفتگو نہیں بلکہ نوکری میں توسیع کی درخواست کی تھی ، جس کی نوکری نوٹس پیریڈ پر چل رہی ہو وہ شہباز شریف کو تو یاد کرے گا۔
سابق وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہارے ہوئے، مایوس، نالائق اور چور ثابت ہوجانے والے شخص کے جذبات کا اظہار تھا ، عمران صاحب گھبرانے کا نہیں، اب گھر جانے کا وقت ہے ، چار سال میں عوام کے لئے کچھ کیا ہوتا تو نوازشریف، شہبازشریف نہ کرنا پڑتا، نوازشریف مسکراتا رہے گا اور عمران صاحب روتے رہیں گے ۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف نے قوم کی دعائیں لیں اور عمران صاحب نے بد دعائیں لیں، روئیں، چیخیں، پیٹیں جو مرضی کہیں، عمران صاحب گھر جانے کا وقت ہو گیا ہے ۔
شہبازشریف کی تقریر کم اورجاب کی درخواست زیادہ ہوتی ہے: وزیراعظم
کہا جاتا ہے کہ میں شہبازشریف سے ہاتھ نہیں ملاتا، شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر نہیں قومی مجرم سمجھتا ہوں، شہبازشریف نے داماد اور بیٹے کو ملک سے فرار کرایا، شہبازشریف پارلیمنٹ میں 3،3 گھنٹے کی تقریریں کرتے ہیں، تقریر کم اورجاب کی درخواست زیادہ ہوتی ہے۔ مقصود چپڑاسی کےاکاؤنٹ میں 16 کروڑ روپے کیسے آگئے؟، جب سوال پوچھاجائےتو کہتے ہیں بچے باہر ہیں ان سے پوچھیں، شہبازشریف کیس کا روزانہ کی بنیاد پر سن کر فیصلہ ہونا چاہیے، اپوزیشن کواین آراو نہیں دوں گا، مجرموں سےمفاہمت کروں گا تو قوم سے غداری کروں گا۔