لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے سٹیٹ بینک کے قانون میں سقم کی حکومت کے پاس کوئی وضاحت نہیں۔ حکومت کی غفلت سے بدترین گندم کا بحران آئے گا۔
ایاز صادق کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بل کی منظوری سے سٹیٹ بینک حکومت کو جوابدہ نہیں رہے گا، اب گورنر 10 سال بھی رہ سکے گا، فارن فنڈنگ کیس روکنے کے لیے سب کیا گیا۔ سٹیٹ بینک کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا محتاج بنا دیا گیا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین کی 4 سال کے بجائے 2 سال مدت کردی گئی۔
اُنہوں نے کہا 13 جنوری ملک کی تاریخ میں سیاہ دن ہے، وزیر خزانہ نے منی بجٹ پیش کیا اور اپوزیشن کے سوالوں کے جواب نہیں دئیے۔ بحثیت وزیر خزانہ فیل ہونے والا آدمی اپوزیشن کو جواب دے رہا تھا۔ حکومت نے توانائی سیکٹر کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، ان کی کارگردگی کا ثبوت وہ گھر اور کارخانے جو آج گیس نہ ملنے سے بند پڑے ہیں۔ گیس بحران کے ذمہ دار وزیر آج لیکچر دے رہے ہیں اور اپنی حکومت کے چوتھے سال میں بھی پچھلی حکومت میں کیڑے نکال رہے ہیں۔
لیگی رہنما نے حکومتی سرپرستی میں کھاد سمگل اور بلیک میں فروخت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بولے کہ کھاد، ادویات اور ہر شعبہ میں مافیا پیدا ہوگیا، یہ کہہ رہے ہیں کسان کے زیادہ کھاد استعمال کرنے سے بحران پیدا ہوا۔ ساری کھاد سمگل ہوکر دوسرے ممالک جاچکی۔ حکومت کی غفلت سے بدترین گندم کا بحران آئے گا۔