کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں چینی کی قیمت بے قابو ہو گئی، اوپن مارکیٹ میں 160 روپے سے 170 روپے فی کلو ریٹ پر فروخت ہونے لگی۔ یوٹیلیٹی اسٹور پر بھی دستیاب نہ ہونے پر عوام پریشانی کا شکار ہیں۔
کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان میں روز بروز شدت آتی جا رہی ہے۔ شہر کے چھوٹے بڑے کریانہ سٹوروں پر چینی 160 سے 170 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔
چینی کی قیمت بڑھنے کے بعد شہریوں کے منہ کا ذائقہ ہی پھیکا ہوگیا اور اپنا سارا غصہ حکومت پر نکالنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا گلہ ہے کہ حکومت چینی سمیت دیگر روز مرہ استمال کی اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا نوٹس نہیں لیتی جس کا فائدہ گراں فروش اٹھا رہے ہیں۔