لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ خوراک نے فلور ملز کو گندم کی فراہمی بند کر دی، راولپنڈی اور اسلام آباد میں گندم کے سنگین بحران کا خطرہ بڑھ گیا۔
فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک کی نااہلی سے سارا پنجاب بحران کی لپیٹ میں آ جائے گا، جنوبی پنجاب سے گندم خریدنے سے ایک تھیلے کی لاگت میں 85 روپے کا اضافہ ہو جائے گا، جنوبی پنجاب کے سرکاری گوداموں سے گندم وصول کرنے کے فیصلے کو نہیں مانتے جبکہ پیر سے جڑواں شہروں میں مکمل ہڑتال کریں گے۔
گروپ لیڈر فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب عاصم رضا کا کہنا تھا کہ منگل سے ہڑتال کا دائرہ پورے صوبے تک پھیلا دینگے، پورے صوبے میں حالات خراب ہو گئے ہیں۔ فلور ملز انڈسٹری کا بیڑا غرق کیا جا رہا ہے، محکمہ خوراک پنجاب کے افسران اس بحران کے زمہ دار ہیں۔
دوسری طرف سیکریٹری خوراک پنجاب علی سرفراز نے کہا ہے کہ گندم اور آٹے کا کوئی بحران نہیں۔ ملیں گندم اٹھانے میں ہچکچاہٹ دیکھا رہی ہیں۔ آٹا ملوں کے ساتھ معاملات جلد نمٹا لیں گے۔ راولپنڈی کی چند ملوں کی جانب سے گندم کا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔