رواں سال 48 پولیس اہلکارفرائض کی انجام دہی میں شہید ہوئے: آئی جی خیبرپختونخوا

Published On 27 December,2021 03:22 pm

پشاور: (دنیا نیوز) آئی جی خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے ہمیشہ عوام کی بہتری کے لیے جانوں کی قربانی دی، رواں سال 48 پولیس اہلکار فرائض کی انجام دہی میں شہید ہوئے۔

آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری کا پولیس کی کارکردگی سے متعلق پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 20 ہزار پولیس فورس موجود ہے، اولین کوشش ہوتی ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کی جائے، دہشتگردی کے حوالے سے عوام اور لیڈر شپ کو کافی تشویش تھی، پولیس کی کوششوں اور عوام کے تعاون سے صوبے میں امن قائم ہوا، شہدا کے بچوں کے لیے 41 کروڑ روپے کے فنڈ جاری کئے گئے، سی ٹی ڈی نے 599 دہشتگرد گرفتار کئے، بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔

آئی جی کا کہنا تھا کہ رواں سال 19 ہزار سے زائد سرچ آپریشن کئے گئے۔ خواتین کے حوالے سے نئی ایپ بنائی جارہی ہے، ہرا سگی سے نمٹنے کے لئے ایپ تیار کرلی ہے۔ ایک سال کے دوران 12 پولیو مہم چلائی گئیں۔ کارروائیوں کے دوران 900 کلوآئس سمیت ہیروئن اورچرس بھی پکڑی گئی، 24 سو سے زائد واقعات قتل، مقاتلے اور ذاتی دشمنی کی بناء پر ہوئے۔ جرائم میں کمی کے لیے ابابیل فورس بنانئی گئی، تھانہ کلچر کو تبدیل کرنا مشن تھا جس میں کافی کامیابی ملی، ہر تھانے میں آسان مرکز قائم کئے جارہے ہیں۔

آئی جی نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے آج دورہ کیا، کوئی بھی غیرقانونی حوالات میں موجود نہیں تھا، روزنامچہ میں کوئی غلط انٹری نہیں تھی،ضم شدہ اضلاع کو مین سٹریم پر لانا ہے۔