خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات:دلچسپ صورتحال،مردان میں دو سوتنیں مدمقابل

Published On 15 December,2021 08:59 pm

مردان:(دنیا نیوز)خیبرپختونخوا میں 19دسمبر کوہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جہاں کانٹے کے مقابلے متوقع ہیں وہاں دلچسپ مقابلے بھی دیکھنے کو ملنے کی توقع ہے،مردان میں دوسوتنیں مدمقابل ہیں تو میاں بیوی بھی میدان میں اترے ہیں۔

تحصیل رستم کے ویلج کونسل پلوڈھیری نمبر1کے رہائشی اشفاق حسین خود الیکشن نہیں لڑرہے لیکن انہوں نے بلدیاتی انتخابات میں اپنی دو نوں بیویوں کومیدان میں اتاراہے ،ایک بیوی جنرل نشست کی امیدوار ہیں تودوسری خواتین کی مخصوص نشست پر مقابلے کے میدان میں ہے۔اشفاق حسین کی دونوں بیویاں ڈورٹوڈور اکٹھے مہم چلارہی ہیں ۔

اس موقع پر اشفاق حیسن کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ جب کامیاب ہوجائیں تو علاقے کی خدمت کریں گے ،غریبی میں میرے شوہرنے ایک کروڑ 43لاکھ روپےعلاقے کے مسائل پر خرچ کئے ہیں اور ہم کامیاب ہوکر مزید کام کریں گے۔

اشفاق حسین نے دونوں بیویوں کی الیکشن کمپین چلانے کے لئے گاڑی کو دلہن کی طرح سجارکھاہے اور دونوں بیویوں کی کامیابی کے لئے سرتوڑ کوششوں میں مصروف ہے۔

ان کاکہناہے کہ خواتین کا کوئی پرسان حال نہیںاوران کے حقوق کو غصب کیاجارہاہے ، اگر عوام نے میری بیویوں کو کامیاب کیا تو علاقے کا نقشہ بدل دونگا۔

اس طرح مردان کے شہری علاقہ گلی باغ نائبر کونسل نمبر2میں خوش میر جنرل نشست کے امیدوار ہیں تواس کی بیوی مخصوص نشست پر قسمت آزمائی کررہی ہے ،خوش میر کا مقابلہ دس امیدواروں کے ساتھ ہے جبکہ بیوی ون ٹوون مقابلہ کرے گی۔

میاں بیوی کاکہناہے کہ وہ علاقے کی خدمت کے لئے میدان میں اترے ہیں ،دیکھنایہ ہے کہ 19دسمبرکو دونوں سوتنوں اور میاں بیوی کے حق میں مردان کے عوام کیافیصلہ دیتے ہیں۔
 

Advertisement