پولیس کیڈر میں تبدیلی کا معاملہ، حلیم عادل شیخ نے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ دیا

Published On 09 December,2021 12:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کابینہ کے آج اجلاس میں ممکنہ طور پر پولیس کیڈر میں تبدیلی کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے خط میں کہا کہ رپورٹس سے معلوم ہوا آج پولیس کیڈر کے معاملے کی کابینہ سے منظوری لی جائے گی، سندھ حکومت کا یہ اقدام آئین کے آرٹیکل 241-240 کے خلاف ہے، صوبے میں گریڈ 18 اور اس سے اوپر کی تمام پولیس پوسٹس پی ایس پی پوسٹس ہیں، صوبائی کیڈر بنانا آئین کے منافی ہوگا اور اس کے لیے آئین میں ترمیم کی ضرورت ہوگی۔

خط میں مزید کہا گیا کہ پولیس کی سینئر کمانڈ کو وفاق صوبوں سے ان کے متعلقہ کوٹہ کے مطابق بھرتی کرتا ہے، صوبہ سندھ اور وفاق کے درمیان تصادم کے نتیجے میں نقصان ہوسکتا ہے، ملک کی یکجہتی داؤ پر لگ جائے گی اور علیحدگی پسند عناصر اس اقدام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، کوئی بھی غیر آئینی اقدام نہ اٹھایا جائے، ملکی سالمیت کو مقدم رکھنا ہوگا۔

دوسری جانب روٹیشن پالیسی کے معاملے پر سندھ حکومت نے پولیس کیڈر میں تبدیلی کیلئے قانونی مسودہ تیار کرلیا۔ آج سندھ کابینہ کے اجلاس میں منظوری لی جائے گی۔ سندھ حکومت گریڈ 18 سے 21 گریڈ میں پولیس افسران کی ترقی کر سکے گی۔ ترقی پانے والے کسی افسر کا دوسرے صوبے میں تبادلہ نہیں کیا جاسکے گا۔