پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے گہما گہمی عروج پر ہے۔ امیدواروں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کرتے پشاور میں بینرز اور پینا فلیکس لگا دیئے گئے۔
بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے سیاسی جماعتوں سمیت آزاد امیدواروں نے پوسٹر اور بینروں کے لیے مقررہ سائز کو نظر انداز کرتے ہوئے سڑک کنارے اور گلی محلوں میں بڑے بڑے بینرز اور پینا فلیکس آویزاں کر دیئے۔ شہریوں نے کہا ہے کہ شہر کا حلیہ بگاڑنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دینی چاہیئے۔
امیدواروں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں سے متعلق صوبائی الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ جہاں پر خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں وہاں فوری طور پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں، کسی سے کوئی رعایت نہیں کی جا رہی۔
خیبرپختونخوا میں قواعد وضوابط کی خلاف ورزیوں پر وفاقی وزیر، صوبائی وزراء، ایم پی ایز اور سیاسی پارٹیوں کے قائدین سمیت متعدد امیدواروں کو نوٹسز بھی جاری کر کے الیکشن کمیشن طلب کیا گیا ہے۔