حکومت عام آدمی کی آسانی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے: وزیراعظم

Published On 02 December,2021 10:36 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کی آسانی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت احساس راشن پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر، مشیر خزانہ شوکت ترین، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، معاون خصوصی شہباز گل اور متعلقہ سینئر افسران شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے احساس راشن پروگرام سے متعلق کریانہ سٹورز اور ممکنہ فائدہ اٹھانے والوں میں بیداری کے لیے ضلعی حکام کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، غریب ترین لوگوں کو اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دے رہے ہیں۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ متعلقہ حکام غریبوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے رجسٹریشن عمل کو تیز کریں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈچ فلاسفر کا قول شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ تاریخ سے سبق نہ سیکھنے والے غلطیاں دہرانے پر قابل مذمت ٹھہرتے ہیں۔