وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج،13نکاتی ایجنڈا زیر غور ہوگا

Published On 29 November,2021 04:57 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس آج ہو گا جس میں ملکی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ کابینہ اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کابینہ کو معاشی اعشاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی ،مختلف وزارتوں اور ڈویژنز میں سی ای اوز اور ایم ڈیز کی خالی آسامیوں سے متعلق بریفنگ دی جائے گی جبکہ کابینہ نیشنل ایوی ایشن پالیسی 2019 کے قانون میں نرمی کی منظوری دے گی۔

قانون میں ترمیم کے لیے کمپنیوں کی جانب سے نظرثانی کی درخواست کی گئی تھی ،سول ایوی ایشن کے رول 68 میں طیاروں کی پرواز کی اونچائی سے متعلق غور کیا جائے گا ،کابینہ ایران میں پاکستانی سفارتخانے کے افسران کے لیے گاڑیوں کی درآمد سکیم کی منظوری دے گی ۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں تبلیغی ویزوں پر ملک میں داخلے اور ویزوں میں توسیع کی منظوری اورفارما سیوٹیکل کمپنیوں کے لیے ادویات کی تیاری اور پروموشن سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی جبکہ وفاقی کابینہ ای او بی آئی کے چیئرمین کی کنٹریکٹ پر تعیناتی کی بھی منظوری دے گی۔

اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے نئے لائسنس کے اجرا، پرانے لائسنس کے خاتمے اور منتقلی کی منظوری سمیت وفاقی کابینہ پنجاب ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو مویشیوں کے لیے فرانس سے مونٹانائیڈ آئل درآمد کرنے کی اجازت دے گی۔

کابینہ پریس کونسل اور آئی ٹی این ای کے چیئرمین کی تقرری کے لیے سلیکشن بورڈ کی منظوری دے گی، کابینہ ذیلی کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں اورذیلی کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔