اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے جکہ تاریخ میں یہ مشترکہ اجلاس پارلیمنٹ کو توڑنے کے مترادف سمجھا جائے گا، حکومت مانگے تانگے کی اکثریت کے ذریعے بلز بلڈوز کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں الیکشن ریفارمز بل نہیں بلکہ الیکشن دھاندلی بل پیش کیا جا رہا ہے، حکومت آنے والے عام انتخابات کو ابھی سے متنازع بنا رہی ہے، ای وی ایم پر الیکشن کمیشن سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کو اعتراضات ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں بنائی گئی مصنوعی اکثریت نے نظام کو مفلوج کر دیا ہے، اس وقت بوکھلاہٹ کی شکار وفاقی دارالحکومت کی طرف سے اپنے ہی ارکان کے بازو مروڑے جا رہے ہیں، اسلام آباد کے آرتھوپیڈک سرجنز کو چوکنا رہنا چاہئے، اپوزیشن متحد ہے اور حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔