اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ میرے متعلق رپورٹ ہونے والی خبر حقائق کے منافی ہے، رانا شمیم بطور چیف جسٹس گلگت بلتستان عہدے کی ایکسٹینشن مانگ رہے تھے جو میں نے منظور نہیں کی۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے سفید جھوٹ پر کیا جواب دوں، ایک مرتبہ رانا شمیم نے مجھ سے ایکسٹینشن نہ دینے کا شکوہ بھی کیا تھا، ہر ایک جھوٹی اور من گھڑت بات کا رد عمل دینا دانشمندی نہیں۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو نشانہ بنانے کے پس پردہ سازش بے نقاب ہوئی، اللہ تعالیٰ کا سچائی منکشف کرنے کا اپنا طریقہ ہے، خبر عوامی عدالت میں دونوں کی بے گناہی کا ایک اور ثبوت ہے۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ کچھ لوگ نواز شریف کو مظلوم ثابت کرانے کی مہم چلا رہے ہیں، بیوقوفانہ کہانیوں کے بجائے نواز شریف ایون فیلڈ اپارٹمنٹس سے متعلق جواب دیں، یہ بتائیں مریم نواز کی ملکیت میں دیئے گئے اپارٹمنٹس کے پیسے کہاں سے آئے، اربوں کی جائیداد سامنے آچکی، اس کا جواب دیا جائے۔