اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں مہنگائی کی شرح بڑھنے کا سلسلہ برقرار ہے، مہنگائی کی مجموعی شرح 17.37 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 1.81 فیصد مزید بڑھ گئی ہے، ہفتہ واربنیادوں پرٹماٹر، گھی، انڈے ،پیاز سمیت 30 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔ ایک ہفتے میں ٹماٹر23 روپے 29 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق خوردنی گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 30 روپے 63 پیسے مہنگاہوا، انڈے 3 روپے 26 پیسے فی درجن، کوکنگ آئل 77 روپے 37 پیسے مہنگا ہوا، آلو ایک روپے 4 پیسے فی کلو، ایل پی جی کا گھریلوسلنڈر 7 روپے 26 پیسے فی کلو مہنگا ہوا،
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے دال مسور، چکن، مٹن، دہی اور دودھ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں 6 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، حالیہ ہفتے چینی 10 روپے 29 پیسے فی کلو سستی ہوئی، دال ماش ایک روپے 11 پیسے دال مونگ 68 پیسے فی کلو سستی ہوئی، ایک ہفتے میں آٹے کا بیس کلو کاتھیلا 3 روپے 11 پیسے سستاہوا، حالیہ ہفتے 15 اشیائے ضروریہ کی قیتموں میں استحکام رہا۔
دوسری طرف ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں شہری شہری 130 روپے فی کلو تک چینی خریدنے پر مجبور ہیں، کراچی اور کوئٹہ کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں، کراچی اور کوئٹہ میں چینی کی قیمت 130روپے فی کلو تک ہے۔ خضدار، حیدرآباد، لاڑکانہ میں چینی 120 روپے فی کلو تک میں فروخت ہو رہی ہے، سکھر میں چینی کی قیمت 110 روپے فی کلو تک ہے، لاہور، راوالپنڈی، سرگودھا، سیالکوٹ میں چینی کی قیمت 90 روپے کلو تک ہے۔ گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور میں بھی چینی کی قیمت 90 روپے کلو تک ہے۔