پاکستان کو جادو سے چلایا جا رہا ہے: مولانا فضل الرحمان

Published On 14 October,2021 11:07 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دھاندلی کے ذریعے ملک پر مسلط ہونے والوں کی عالمی سطح پر کوئی عزت نہیں، پاکستان کو جادو سے چلایا جارہا ہے۔

امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ہمارے حکمران جادو ٹونے سے ملک چلا رہے ہیں۔ مضبوط معیشت کے بغیر اپنا مقام نہیں بنا سکتے ہیں۔ عالمی قوتوں کی کوشش ہے کہ پاکستان سے اسلامی آئین کو ختم کیا جائے۔ خواتین اور بچوں کے حقوق ہم سے زیادہ کوئی نہیں جانتا ہے لیکن یہ ہمیں حقوق پڑھاتے ہیں۔

پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک کوسیکولر بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ آج بھارت نےکشمیر ہم سے چھین لیا تو ہم کہاں کھڑے ہیں؟ ان کوپتہ ہی نہیں ہے کہ اقوام متحدہ میں کشمیر پرپاکستان کا مؤقف کیا ہے؟۔ فاٹا کے انضمام کو بھارت نے دلیل بنا کر مقبوضہ کشمیر ہم سے چھین لیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت زمین بوس ہو چکی ہے اور مہنگائی و بیروزگاری میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ نوکریوں کو جھانسہ دے کر نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ آج غریب آدمی بازار سے بچوں کے لیے راشن لینے کے قابل نہیں رہا ہے۔ گزشتہ 74سالوں میں ملازمین کی تعداد ایک کروڑتک نہیں پہنچی لیکن یہ ایک کروڑنوکریوں کا جھانسہ دے رہے ہیں۔