لاہور: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو نے کہاہے کہ بیٹے کی آمد 8 نومبر کو متوقع تھی لیکن اس نے 10 اکتوبر کو دنیا میں آکر ہم سب کو حیران کردیاہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے بتایاکہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش وقت سے تقریبا ایک ماہ پہلے ہوئی ہے جس کے باعث نومولود کو طبی مسائل کے پیشِ نظر بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور کے ہاں بیٹے کی پیدائش
بختاور بھٹو نے کہا کہ بیٹے کی پیدائش پر آپ سب کی محبتوں اور چاہتوں کا شکریہ۔
— Bakhtawar B-Zardari (@BakhtawarBZ) October 13, 2021
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بیٹا فی الحال این آئی سی یو میں ہے لیکن رو بہ صحت ہے، اسے اپنی دعاﺅں میں یاد رکھیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کے ہاں 11 اکتوبر کو بیٹے کی ولادت ہوئی تھی۔
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہمارے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
— Bakhtawar B-Zardari (@BakhtawarBZ) October 11, 2021
دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پر لکھا کہ میں آفیشلی ماموں بن گیا ہوں۔
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) October 11, 2021
اُدھر سابق صدر آصف زرداری کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ میں آفیشلی خالہ بن گئی ہوں۔ الحمد للہ
— Aseefa B Zardari (@AseefaBZ) October 11, 2021
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی 31 سالہ بختاور بھٹو زرداری 29 جنوری کو بلاول ہاؤس کراچی میں پاکستانی نژاد دبئی کے صنعت کار محمود چودھری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئی تھیں۔
نکاح کی تقریب میں بھٹو و زرداری خاندان اور محمود چودھری کے رشتے دار شریک ہوئے، اس موقع پر بلاول ہاؤس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ان کی شادی کی تقریبات 4 دن قبل 25 جنوری سے ان کی 31 ویں سالگرہ کے موقع پر شروع ہوئی تھیں اور تقریبات کا آغاز محفل میلاد سے کیا گیا تھا۔