تحریک انصاف کو پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے مالی گوشواروں اور ریکارڈ تک رسائی مل گئی

Published On 11 October,2021 11:11 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کو پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے مالی گوشواروں اور ریکارڈ تک رسائی مل گئی۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی درخواست منظور کرلی۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے مؤقف کو الیکشن کمیشن میں شکست ہوئی، پیپلزپارٹی اور ن لیگ خود گڑھے میں گر گئے، اسٹیٹ بینک کے مطابق پیپلزپارٹی کے 7، ن لیگ کے 12 اکاؤنٹ ہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں، پی ٹی آئی نے پارٹی فنڈز کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پارٹی اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کیلئے استعمال ہوئے۔

 فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ تمام حقائق سامنے آئیں جو مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی قوم سے چھپا رہے تھے، بلاول بھٹو اور مریم نواز کے جعلی اکاؤنٹس سامنے لائیں گے، یہ وہ لوگ ہیں جو التوا کے پیچھے چھپ جاتے تھے، اب بھاگنے نہیں دینگے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی ریکارڈ کا جائزہ لیکر سکروٹنی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے، ہمارے فنانشل ایکسپرٹس دونوں جماعتوں کے اکاؤنٹس کا جائزہ لیں گے۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ اپنے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے جمع کرانے والے لوگ کون ہیں؟ جب چیک کیا تو معلوم ہوا کہ یہ اکاؤنٹس پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے ہیں، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم اور ہم سے ن لیگ اپنے اکاؤنٹس چھپانا چاہتی ہے، ن لیگ مافیا سے اپنے مفادات کیلئے پیسے لیتی ہے۔

فرخ حبیب نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کو اب معلوم ہو گا کہ ان کی پارٹی کے کتنے جعلی اکائونٹس ہیں، نواز شریف کے اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کیلئے بھی استعمال ہوئے، ہم تمام حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے، اپوزیشن کے پارٹی اکاؤنٹس منی لانڈرنگ کیلئے استعمال ہوئے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ 4 سال اکاؤنٹس کی تفصیل دینے سے بھاگ رہی تھیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں، دونوں پارٹیوں نے ہمیشہ اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھا ہے۔