گورنر پنجاب اہم ٹاسک لیکر یورپ پہنچ گئے، آج یورپی پارلیمنٹ کا دورہ کریں گے

Published On 12 October,2021 10:03 am

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب اہم ٹاسک لے کر یورپ پہنچ گئے۔ آج یورپی پارلیمنٹ کا دورہ کریں گے۔ چودھری سرور ارکان یورپی پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کریں گے۔ جی ایس پی پلس سٹیٹس پر نظرثانی کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور یورپ مشن کے دوران یورپی یونین کے نائب صدر، مانیٹرنگ کمیشن یورپی یونین کے حکام اور یورپی ارکان پارلیمنٹ سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

چودھری محمد سرور، نائب صدر ڈاکٹر فابیو کی دعوت پر آج یورپی پارلیمنٹ کا دورہ بھی کریں گے۔ گورنر پنجاب چودھری سرور کا یورپ روانگی سے قبل کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے معاملے پر یورپی ارکان پارلیمنٹ کو حقائق سے آگاہ کیا جائے گا، دشمن قوتیں پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک آزادانہ رسائی کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں، دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین میں پاکستان کے لئے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کا معاملہ حل ہو جائے گا۔