شاہ محمود کا کینیا کی وزیر خارجہ کیساتھ رابطہ، افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 05 October,2021 09:44 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کینیا کی وزیر خارجہ ریچل اومامو کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں اقتصادی تعاون، افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ماہ اکتوبر کیلئے سکیورٹی کونسل کی صدارت کا منصب سنبھالنے پر کینیا کی وزیر خارجہ کو مبارکباد دی، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کینیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، انگیج افریقہ پالیسی، ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان کینیا کے ساتھ اقتصادی، تجارتی و دفاعی تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمسایہ ہونے کے ناطے افغانستان میں انسانی و معاشی بحران پر گہری تشویش ہے، عالمی برادری افغانوں کو انسانی و معاشی معاونت کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

وزیر خارجہ نے کینین ہم منصب سے نیروبی میں موجود سعودی عرب جانے کے منتظر پاکستانیوں کی معاونت کی درخواست کی جس پر کینین وزیر خارجہ نے نیروبی میں سعودی عرب جانے کے منتظر پاکستانیوں کی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔