ڈیرہ غازی خان: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بڑے بڑے مافیاز قانون کی بالادستی نہیں چاہتے، مافیا کہتا ہے ہمیں این آر او دے دو۔ دنیا میں اشیا کی قیمتیں اتنی نہیں بڑھیں جتنی ایک سال میں بڑھی ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں کاشتکاروں میں کسان کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک زرخیز ملک ہے اس کے باوجود گزشتہ سال 40 لاکھ ٹن گندم درآمد کی، آبادی بڑھتی رہی اور اناج کی پیداوار نہ ہوئی تومستقبل میں بھوک ہوگی۔ تیزی سے بڑھتی آبادی کو روکنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ 50 سال بعد پاکستان میں ڈیم بن رہےہیں، ہمیں زراعت پر تحقیق کی ضرورت اور اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے۔ حکومت بنیادی تعلیم و صحت کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مافیاز ملک میں رائج کرپٹ سسٹم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، کچھ اربوں روپے کی جائیدادوں میں بیرون ملک بیٹھے ہوئے ہیں۔ ماضی کے حکمرانوں نے ملکی نظام کومضبوط نہیں ہونے دیا۔ ملکی ترقی کیلئے اگلے انتخابات نہیں، اگلی نسل کا سوچنا ہو گا۔ ہماری حکومت نے ملک میں مزید 10 ڈیم بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، پاکستان میں زیتون کی کاشت کا انقلاب آ رہا ہے۔