اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے آئندہ عام انتخابات کرانے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست نمٹا دی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال خلائی یا اجنبی کام نہیں ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا نظام دنیا کے کئی ملکوں میں موجود ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ووٹنگ کے حوالے سے ابتدائی طور پر پارلیمنٹ سے قانون سازی ضروری ہے، پارلیمنٹ کا فیصلہ عوام کے مفاد میں ہوگا۔ فیصلے میں یہ بھی قرار دیا گیا ہے کہ دھاندلی سے پاک شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔