اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس دھاندلی کا ہیڈ کوارٹر ہے، الیکشن کمیشن کے اعتراضات کے جوابات دئیے جائیں، جب آواز اٹھاؤ تو کہتے ہیں این آر او نہیں ملے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو آگ لگانے کی دھمکی دی گئی، الیکشن کمیشن کو آگ لگانے کے بیان کی مذمت کرتے ہیں، الیکشن چوری کرنے کیلئے ووٹنگ مشین کا منصوبہ لایا جا رہا ہے، آرٹیکل 218 کے مطابق انتخابات کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، ن لیگ نے عوام کو بتایا ووٹنگ مشین فراڈ ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پر پیسے لینے کا الزام لگایا گیا، وفاقی وزراء کل الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہوئے، کرائے کے ترجمانوں نے الیکشن کمیشن پر حملہ کیا، الیکشن کمیشن نے ووٹنگ مشین پر 3 اعتراضات اٹھائے، الیکشن کمیشن پر حملہ کرنیوالوں کو نشان عبرت بنائیں گے، ای وی ایم کی چپ، سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر محفوظ نہیں، دھمکی دے کر انتخابی اصلاحات کی بات کی جا رہی ہے۔