راولپنڈی، اسلام آباد کی مصروف ترین شاہراہ آئی جے پی روڈ شہریوں کے لیے وبال جان بن گئی

Published On 08 September,2021 11:30 am

اسلام آباد: (دنیان یوز) راولپنڈی، اسلام آباد کی مصروف ترین شاہراہ آئی جے پی روڈ شہریوں کے لیے وبال جان بن گئی۔ ہیوی ٹریفک کے لیے بائی پاس نہ ہونے کی وجہ سے سڑک کھنڈر اور ٹریفک جام معمول بن گیا۔

ٹوٹی پھوٹی سڑک، ہیوی ٹریفک کا بے پناہ رش، ٹریفک جام معمول بن گیا۔ منٹوں کا سفر گھنٹوں پر محیط۔ جی ٹی روڈ سے ترنول جانا ہو، واہ فیکٹری، اٹک یا پھر پشاور، آپ یہی سڑک استعمال کریں گے، ڈمپرز، ٹرک اور بڑے ٹرالرز چلنے کی وجہ سے یہ سڑک کھنڈر بن چکی۔

عوام کی دوہائی پر کبھی مرمت کا کام ہو بھی جائے تو ناقص مٹیریل کی وجہ سے چند ہفتوں بعد ہی سڑک اُکھڑ جاتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے اس مسئلے کا واحد حل بائی پاس سڑک ہے، ہر حکومت نے صرف دعوے کیے لیکن آج تک منصوبے پر عمل نہیں ہو سکا۔