کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ آج کراچی کے باغ جناح میں ہو گا، سٹیج تیار کر لیا گیا، جلسے میں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائیگی۔
پی ڈی ایم آج کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ پولیس کے 25 سینئر افسران سمیت 65 ڈی ایس پییز، 789 این جی اوز اور 2959 پولیس کے جوان تعینات ہونگے۔ اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے افسران سمیت 440 کمانڈوز جلسے میں عوام کی سکیورٹی کیلئے موجود ہوں گے۔
جلسے میں آنے والے سیاسی قائدین کے لئے 25 فٹ اونچا اور 75 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے جبکہ شرکاء کے بیٹھنے کے لیے ہزاروں کرسیاں بھی لگائی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم کی طرف سے جلسہ شام 4 بجے شروع ہونے کا اعلان کیا گیا ہے، شرکا سے مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف، آفتاب شیرپاؤ اور پروفیسر ساجد میر سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کا خطاب متوقع ہے۔